
شاہ جہانپور: ہندوستان کے صوبے یوپی کےشہر شاجہان پور میں شرپسندوں نے مسجد میں داخل ہو کر قرآن کو جلا دیا، جس کے بعد مسلمانوں میں سخت غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ بڑی تعداد میں لوگوں نے سڑک پر احتجاج کیا اور قصور واروں کو گرفتار کرنے اور سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ مسجد سید شاہ فخر عالم میاں میں دو افراد نے داخل ہو کر قرآن کو جلا دیا۔ لوگ نماز کی ادائیگی کیلئے پہنچے تو قرآن کے جلے ہوئے صفحات دیکھے اور انہوں نے دیگر لوگوں کو اس کی اطلاع دی۔ جیسے ہی لوگوں کو مسجد میں قرآن جلانے کی اطلاع ملی تو وہ مشتعل ہو گئے اور انہوں نے اہم سڑک پر احتجاج کیا۔ مشتعل افراد نےمسجد کے ارد گرد لگے بی جے پی لیڈران کے ہورڈنگ اتار کر انہیں نذر آتش کر دیا۔ اس پر پولیس نے مشتعل ہجوم کو لاٹھی چارج کرکے منتشر کیا۔ موقع پر احتیاطاً پولیس فورس تعینات کر دی گئی ہے پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے معاملہ کی تفتیش شروع کر دی ہے۔ سی او سٹی اکھنڈ پرتاپ سنگھ نے بتایا کہ مسجد کے نزدیک واقع شوروم کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دو مشکوک نوجوان نظر آ رہے ہیں، تصور کیا جا رہا ہے کہ یہ حرکت ان دونوں نے ہی انجام دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا.


































