
اسلام آباد: وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہاہے کہ ہندوستان پہلگام واقعے کو جواز بنا کر اگلے 24 سے 36 گھنٹوں میں جارحیت کا ارادہ رکھتا ہے۔ عطا اللہ تارڑ نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان، ہندوستان کا خطے میں مدعی، منصف اور جلاد کا خود ساختہ کردار سختی سے مسترد کرتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان خود دو دہائیوں سے دہشتگردی کا شکار رہا ہے اور اس نے دنیا میں کسی بھی شکل میں دہشتگردی کی سخت مذمت کی ہے۔ عطااللہ تارڑ نے کہا کہ پہلگام حملے کے بعد پاکستان نے سچائی کا پتہ لگانے کے لیے کھلے دل سے آزادانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی، تاہم بدقسمتی سے ہندوستان نے غیر معقولیت اور تصادم کے راستے پر چلنے کا انتخاب کیا جو کہ خطے اور دنیا میں تباہ کن نتائج کا باعث ہو گا۔ وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ غیر جانبدارانہ تحقیقات سے فرار بذات خود بھارت کے اصل مقاصد کو بے نقاب کرنے کے لیے بڑا ثبوت ہے۔ سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے جان بوجھ کر عوامی جذبات کو بھڑکا کر اس طرح فیصلے کرنا بدقسمتی اور افسوسناک ہے۔ اگر ہندوستان نے کسی بھی قسم کی مہم جوئی کی تو فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔


































