
اسٹاک ہوم: سویڈن میں ایک بار پھر قرآن مجید کو نذر آتش کردیا گیا۔ پولیس نے احتجاج پر پندرہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ عراقی پناہ گزین سلوان مومیکا نے اس بار اسلام دشمنی کے مظاہرے کا اہتمام جنوبی شہر مالمو کے ایک چوک پر کیا۔ اس شہر میں مسلم تارکینِ وطن کی بڑی آبادی ہے۔ پولیس کی بھاری نفری کے تحفظ میں سلوان مومیکا چوک پر پہنچا قرآن کے اوراق پھاڑے اور انہیں آگ لگادی۔ موقع پر جمع مظاہرین نے پولیس اور ملعون مومیکا پر پتھر اور بوتلیں پھینکیں۔ بعض مظاہرین نے پولیس کا گھیرا توڑ کر مومیکا پر دھاوا بولنے کی کوشش کی لیکن پولیس نے انھیں روک لیا۔ توہین قرآن کے بعد پولیس ملعون مومیکا کو اپنی گاڑی میں لیکر چلی گئی جبکہ احتجاج کرنے والے 15 افراد کو حراست میں لے لیا۔ ادھر ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ توہین قرآن کے واقعات سے حکومت کو دو لاکھ ڈالرکا نقصان ہوا ہے۔ یہ اخراجات اضافی پولیس افسران کی تعیناتی کی وجہ سے ہوئے۔


































