
لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ بااختیار لوگوں سے بات چیت کے لیے کمیٹی بنا رہا ہوں، جو دو نکات پر بات چیت کرے گی اور اگر میری ٹیم کو قائل کردیا گیا تو پیچھے ہٹ جاؤں گا۔ قوم سے خطاب میں عمران خان نے دعویٰ کیا کہ میرے گھر کے ارد گرد انٹرنیٹ سروس منقطع کردی گئی ہے، آجکل جو یزیدیت اور ظلم ہورہے ہیں اُن کی تاریخ نہیں ملتی، ہمارے دس ہزار سے زائد گرفتار کارکنوں کو چھوٹے پنجروں میں بھوکا پیاسا رکھا ہوا ہے جبکہ انہیں وکیلوں سے ملنے نہیں دیا جارہا۔ کارکنان کے علاوہ ہمدردوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت مظالم سے بچنے کے لیے جادو کا ایک واحد راستہ پی ٹی آئی سے علیحدگی اختیار کرنا ہے اور پیش کش کی جارہی ہے کہ پارٹی چھوڑنے والے کے سارے گناہ معاف کردیے جائیں گے اگر پی ٹی آئی کا ساتھ نہ چھوڑا تو بدترین ظلم اور تشدد ہوگا۔ عمران خان نے کہا کہ انسانی حقوق کی تنظیمیں اور آزادی اظہار رائے کیلیے آواز اٹھانے والی صحافتی تنظیمیں بھی موجودہ صورت حال پر خاموش ہیں مگر وہ یاد رکھیں کہ کل ان مظالم کا سامنا انہیں بھی کرنا پڑے گا۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ میں نے اپنے رہنماؤں اور کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ روپوش ہوجاؤ اور اپنے گھروں میں نہ رہو۔ اُن کا کہنا تھا کہ کارکن کٹھن وقت میں تھوڑا صبر کریں انشاء اللہ یہ سب جلد ختم ہوجائے گا۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ رہنماؤں کی وفاداریاں تبدیل کروانے والے سوچ لیں کیونکہ پی ٹی آئی نظریہ ہے اور وہ کسی کے جانے سے ختم نہیں ہوگی۔ جتنا مرضی ظلم و تشدد کریں نظریہ ختم نہیں ہوگا۔ اگر ایسا ہوتا تو مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی جدوجہد نہیں چل رہی ہوتی۔ اُن کے ساتھ بھی وہی ہورہا ہے جو یہاں کیا جارہا ہے، کشمیریوں کو جس وقت موقع ملے گا وہ آزادی کا نعرہ ہی لگائے گا۔ اتنے دباؤ کے باوجود جو لوگ کھڑے ہیں اُن کو سلام کرتا ہوں، اگر سب چھوڑ دیں تب بھی میں کھڑا رہوں گا اور یاد رکھیں کہ میں جس کو بھی ٹکٹ دوں گا وہ جیتے گا کیونکہ عوام فیصلہ کرچکے ہیں۔ آپ کسی صورت تحریک انصاف کو ختم نہیں کرسکتے۔عمران خان نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کے ججز آخری امید ہیں، اگر آپ نے کردار ادا نہ کیا تو قوم معاف نہیں کرے گی ، آپ کا اتحاد قوم کیلیے بہت ضروری ہے، آپ ملک کی جمہوریت کے لیے قدم اٹھائیں اور ملک میں آئین و قانون کی بالادستی قائم کریں، باقی ماندہ جمہوریت کو صرف سپریم کورٹ کے ججز بچا سکتے ہیں۔


































