
ماسکو: یوکرین جنگ میں روس اور امریکا تنازعہ خلا تک پہنچ گیا۔ روس نے یوکرین جنگ کے حوالے سے امریکی سیٹلائٹ کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی ہے۔ روسی وزارت خارجہ نے عندیہ دیا کہ اگر یہ سیٹلائٹس یوکرائن-روسی لڑائیوں میں استعمال کیے گئے تو ان کو نشانہ بنانے کے لیے جائز اہداف بن سکتے ہیں۔ یہ دھمکی اس وقت سامنے آئی ہے جب امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے اپنے روسی ہم منصب سرگئی شوئیگو کے ساتھ ایک فون کال میں یوکرین میں جاری جنگ کے دوران بھی امریکی روسی مواصلاتی ذرائع کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا تھا دوسری جانب برطانوی مسلح افواج کے کمانڈر ایڈمرل ٹونی راڈاکن نے خبردار کیا تھا کہ روس مغرب کے خلاف خلا میں جنگ شروع کر سکتا ہے۔ ان کا خیال تھا کہ روسی افواج خلا کے میدان میں بے پناہ صلاحیتوں کی حامل ہیں اور وہ روایتی زمینی لڑائی سے ہٹ کر چاہے پانی کے اندر ہو یا آسمان پر وہ دوسرے محاذوں کا سہارا لے سکتا ہے۔


































