
واشنگٹن: جی سیون ممالک نے روس کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے یوکرین پر کیمیائی یا جوہری ہتھیاروں کا استعمال کیا تو اس کے سنگین نتائج ہوں گے۔ جی سیون ممالک کے ورچوئل سربراہ اجلاس میں کیف اور دیگر علاقوں پر روسی میزائل حملوں کی شدید مذمت کی گئی اور یوکرین کی فوجی اور دفاعی ساز و سامان کی فوری ضروریات کو پورا کرنے کاعہد کیا گیا۔ سربراہان نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ ہم مالی، انسانی، فوجی، سفارتی اور قانونی مدد فراہم کرتے رہیں گے۔ جتنی دیر لگے یوکرین کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے رہیں گے۔یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے میزائل حملوں کے بعد ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ بات چیت کو مسترد کر دیا ہے۔ اور جی سیون ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ روسی حملے روکنے کیلئے میزائل ڈیفنس سسٹم فراہم کریں۔ ادھر اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کونسل نے روسی حملوں کو خاص طور پر چونکا دینے والا اور ممکنہ جنگی جرم قرار دیا۔


































