
اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ اگر ہندوستان نے پانی روکنے کے لیے کسی قسم کا اسٹرکچر تعمیر کرنے کی کوشش کی تو ہم اس کو تباہ کردیں گے۔ وزیردفاع نے کہا کہ ہندوستانی رافیل طیاروں کی سرحدی سرگرمیاں صرف اشتعال انگیزی کے لیے تھیں۔ پاکستان نے ان کی کمیونیکیشن جام کر کے بروقت اور مؤثر جواب دیا اور ہم ہندوستان کے کسی جال میں نہیں پھنسیں گے۔
اس سے پہلے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیرصدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں ہندوستان کے مبینہ جارحانہ رویے اور کشمیر میں مبینہ مظالم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت برقرار رکھنے کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ جنگ مسلط کرنے کی کسی بھی کوشش کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔


































