
ماسکو: روس کے سابق صدر دیمیتری میدیدوف نے صیہونی حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے یوکرین کو اسلحہ یا ہتھیار فراہم کیے تو یہ روس اور اسرائیل کے درمیان باہمی تعلقات کیلئے نقصان دہ ثابت ہوگا۔ ان کا یہ بیان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب اسرائیلی وزیر ناشمن شائے کا کہنا تھا کہ اب وقت آ چکا ہے کہ جیسے نیٹو ارکان یوکرین کو اسلحہ فراہم کر رہے ہیں ویسے ہی اسرائیل بھی یوکرین کو عسکری ساز و سامان فراہم کرے۔ اپنے ٹیلی گرام چینل پر بیان جاری کرتے ہوئے روس کے سابق صدر اور روس کی سیکیورٹی کونسل کے ڈپٹی سربراہ دیمیتری میدیدوف کا کہنا تھا کہ اسرائیل کا یہ اقدام لاپروائی کی انتہا ثابت ہوگا کیونکہ اس سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات تباہ ہو جائیں گے۔


































