
جدہ : اسلامی تعاون کی تنظیم نے غزہ پر جاری حملے بند کرنے اور ناکہ بندی ختم کرنے کا مطالبہ کردیا۔ جدہ میں او آئی سی کے اجلاس میں غزہ کی صورتحال پر غور کیا گیا۔ شرکا نے ہسپتال پر اسرائیلی فورسز کا حملہ شرمناک عمل قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ فوری جنگ بندی کی جائے اور ناکہ بندی ختم کرکے امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ اسلامی تعاون کی تنظیم کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طحٰہ نے کہا ہے کہ اسرائیل مسلسل عالمی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے، امت مسلمہ فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔عالمی برادری مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے آگے بڑھے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل 1967 کی قرارداد کا احترام کرے۔مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کو فوری طور پر عملی جامہ پہنایا جائے۔ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نےمطالبہ کیا کہ بین الاقوامی کمیونٹی کو غزہ میں فلسطینیوں کے تحفظ کے لیے ذمہ دارانہ موقف اختیار کرنا چاہیے۔ فلسطینی وزیر خارجہ ریاض المالکی نےکہاکہ اسرائیل ایک جنگی مشین بن گیا ہے۔ بین الاقوامی برادری کی طرف سے اسرائیل کی مذمت کافی نہیں بلکہ انہیں عملی اقدامات اٹھانا چاہیئے۔


































