
جنیوا : اقوام متحدہ کی ایجنسی انروا کے سربراہ فلپ لازارینی نےکہا ہے کہ غزہ میں بھوک تازہ ترین قاتل بن گئی ہے۔ سوشل میڈیا پر بیان میں فلپ لازارینی نے کہا کہ اقوام متحدہ کے مربوط سسٹم کو امداد کی تقسیم کے چار پوائنٹس سے تبدیل کرنے کی پانچ ماہ سے جاری کوششوں کے بعد غزہ میں بھوک تازہ ترین قاتل بن گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قحط پھیلنے سے پہلے کمیونٹی پر مبنی تقسیم کے مراکز شراکت داروں کے تعاون سے غزہ میں بیس لاکھ افراد کو خوراک اور امداد فراہم کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ بلا روک ٹوک، محفوظ اور باوقار طریقے سے امداد فراہم کی جائے۔ اقوام متحدہ اور ہمارے شراکت داروں کو اپنا کام کرنے دیا جائے۔


































