
ریاض : صیہونی اور سعودی حکومت کے تعلقات میں تاریخی پیشرفت ہوئی ہے اور پہلی بار اسرائیل کا پانچ رکنی وفد اعلانیہ دورے پر ریاض پہنچ گیا۔ اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وفد کی قیادت اسرائیل کی نوادرات اتھارٹی کے سربراہ کر رہے ہیں اور اس میں سفارت کار بھی شامل ہیں۔ اسرائیلی وفد نے اقوام متحدہ کے ادارے یونیسکو کے تاریخی ورثے اور تاریخی مقامات سے متعلق اجلاس میں حصہ لیا۔ اجلاس کے دوران ان کی ڈیسک پر اسرائیل کا نام لکھا ہوا تھا۔ وفد میں شامل ایک عہدیدار نے اپنی شناخت پوشیدہ رکھتے ہوئے اے ایف پی کو بتایا کہ ہم یہاں بہت خوش ہیں۔ یہ ایک اچھا پہلا قدم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسرائیل نے اس سال کے شروع میں سعودی عرب میں ایک ویڈیو گیم مقابلے میں حصہ لیا تھا۔ یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب واشنگٹن اسرائیل اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے زور دے رہا ہے۔


































