
غزہ : حماس نے غزہ کی ازسرِ نو تشکیل اور فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کی کسی بھی کوشش کو مسترد کر دیا ہے۔ حماس کے سیاسی شعبہ کے سربراہ خلیل الحیہ نے حماس کے اڑتیس ویں یوم اساس کے موقع پر جاری بیان میں کہا کہ طوفان الاقصیٰ نے اسرائیل کے نام نہاد اسٹریٹجک رعب اور سکیورٹی برتری کے جھوٹے افسانے کو خاک میں ملادیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ حقیقت ثابت ہو چکی ہے کہ قابض اسرائیل کو شکست دی جا سکتی ہے اور اگر منصوبہ بندی تسلسل اور وحدت ہو تو فلسطین کی آزادی ممکن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کی عالمی سطح پر تنہائی میں اضافہ، اس کے فوجی اور سیاسی رہنماؤں کو عالمی عدالتوں میں گھسیٹنا اور دنیا کے سامنے اس کا چہرہ ایک دہشت گرد ریاست کے طور پر بے نقاب ہونا بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کے مستقبل کا فیصلہ صرف فلسطینی عوام کا حق ہے۔ کسی بھی بین الاقوامی کونسل کا کردار صرف سیز فائر کے نفاذ نگرانی اور تعمیر نو کی مالی معاونت تک محدود ہونا چاہیے۔


































