
غزہ : اسرائیل کا غزہ میں جنگ بندی کیلئے ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ حماس نے مسترد کردیا۔ اسرائیلی وزیر خارجہ گیڈون سار نے یروشلم میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ اگر حماس غزہ میں قید باقی یرغمالیوں کو رہا کرے اور اپنے ہتھیار ڈال دے تو جنگ فوری طور پر ختم ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سیاسی ذرائع سے اس مقصد تک پہنچنے میں زیادہ خوشی ہوگی۔
حماس کے سینئرعہدیدار باسم نعیم نے اپنے ردعمل میں کہا کہ حماس ہتھیار نہیں ڈالے گی لیکن اگر اسرائیل جنگ ختم کرنے اور غزہ سے اپنی فوجیں نکالنے پر راضی ہو جاتا ہے تو وہ تمام یرغمالیوں کو رہا کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حماس صرف فلسطینی ریاست کے قیام کی صورت میں ہی ہتھیار ڈالے گی۔


































