
تہران : ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اقوام متحدہ کے جوہری ادارے کے سربراہ رافیل گروسی کو متنبہ کیا ہے کہ تہران کے خلاف ناکام دھمکیاں دینے سے انہیں ایک اور شکست کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا۔
عباس عراقچی نے کہا کہ انہیں نہیں معلوم گروسی نے یہ بیان تشویش کے تحت دیا یا بطور دھمکی، لیکن جو بھی اس طرح کے بیانات دیتا ہے، اسے یاد رکھنا چاہیے کہ اس قسم کے تجربات پہلے بھی ناکام ثابت ہو چکے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران اپنی خودمختاری اور دفاعی صلاحیتوں کے تحفظ کے لیے ہر قدم اٹھائے گا، اور کسی بیرونی دباؤ یا دھمکی کے آگے جھکنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران پابندیاں ختم کرنے کے مشن کو سنجیدگی سے جاری رکھے گا، لیکن اس سے بھی زیادہ اہم ہدف یہ ہے کہ داخلی صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر ان پابندیوں کے اثرات کو بے اثر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو درپیش چیلنجوں کی اصل جڑ اپنی اندرونی صلاحیتوں سے مکمل فائدہ نہ اٹھانا ہے۔


































