
واشنگٹن: امریکا نے دعویٰ کیا ہے کہ اسے غزہ میں بین الاقوامی استحکام فورس کی قرارداد پر اتحادی ممالک کی حمایت حاصل ہوگئی ہے۔ اقوام متحدہ میں امریکی سفیر مائیک والٹز کے مطابق غزہ کے لیے بین الاقوامی فورس پر سلامتی کونسل کی ووٹنگ سے قبل ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں قرارداد کے مسودے اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ امن منصوبے کے لیے وسیع حمایت کا اظہار کیا گیا۔ والٹز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ یہ اجلاس تاریخی ثابت ہوا، جس میں مصر، قطر، سعودی عرب، ترکی اور متحدہ عرب امارات سمیت اہم علاقائی ممالک شریک ہوئے۔ انہوں نے لکھا کہ امریکہ اقوام متحدہ میں محض گفت و شنید نہیں بلکہ حقیقی نتائج کے حصول پر توجہ دے رہا ہے۔


































