
اسلام آباد : وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا اور دو طرفہ تعلقات ،افغانستان کی موجودہ صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی، شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پر امن افغانستان، نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، ہمیں توقع ہے کہ افغان قائدین، افغانستان میں دیرپا قیام امن کیلئے، اجتماعیت پر مبنی سیاسی تصفیے کی جانب آگے بڑھیں گے، انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ افغانستان کی تعمیر نو اور افغانوں کی معاشی معاونت کیلئے عملی اقدامات اٹھائے، دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات کی موجودہ نوعیت پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے، انہیں مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا۔


































