
تہران : ایرانی وزیر داخلہ احمد واحدی نے کہا ہے کہ ایران میں بغاوت اور علیحدگی کو ہوا دینے کیلئے شمالی عراق میں موجود غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گرد گروہ فسادات کی قیادت کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ فسادات کی منصوبہ بندی، حمایت اور قیادت علیحدگی پسند دہشت گرد گروپوں نے کی۔ جس میں نام نہاد کومالا پارٹی، کردستان ڈیموکریٹک پارٹی اور پارٹی آف فری لائف آف کردستان شامل ہیں۔ ان کی صیہونی حکومت کے ساتھ تعاون کی ایک تاریخ ہے اور انہیں مغربی ممالک اور عراقی صدر صدام حسین نے کرائے کے فوجیوں کے طور پر رکھا تھا۔ انہوں نے جرائم بھی کیے اور ایران میں دہشت گردانہ کارروائیاں بھی کیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایران کی فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فسادیوں اور ان کے رہنماؤں سے مضبوطی سے نمٹا ہے اور ان کی بے سود کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے ایسا کرتے رہیں گے۔ امریکا، صیہونی حکومت اور علیحدگی پسند دہشت گرد گروہ ایران میں فسادات اور قومی مفاد کے خلاف ان کارروائیوں سے یقیناً خوش ہیں۔


































