
نئی دہلی : ہندوستان میں انٹیلی جنس بیورو اور را جیسے اہم حساس اداروں سے مسلمانوں کا صفایا کردیا گیا۔ ہندوستان کے انگریزی اخبار کی رپورٹ کے مطابق حالیہ برسوں میں مسلم آئی پی ایس افسران کی تعداد نمایاں طور پر کم ہوئی ہے۔ انٹیلی جنس بیورو میں کئی دہائیوں کے بعد کوئی بھی سینئر مسلم آئی پی ایس افسر اہم عہدے پر نہیں ہوگا۔ آخری سینئر مسلم افسر ایس اے رضوی کا تبادلہ کردیا گیا۔ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اور حیدرآباد سے رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے لوک سبھا میں حساس اداروں سے اعلیٰ مسلمان افسروں کو ہٹانے کا معاملہ اٹھایا انہوں نے ایشین ایج کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ حساس اداروں میں جب بھی تقرریوں کی بات آتی ہے تو مسلمانوں کے خلاف تعصب برتا جاتا ہے۔ اویسی نے کہاکہ حکومت مسلمانوں سے مسلسل وفاداری کا ثبوت مانگتی ہے ، وہ انہیں کبھی بھی برابر کا شہری تسلیم نہیں کرتی۔ کئی دہائیوں میں پہلی بار، انٹیلی جنس بیورو کی سینئر قیادت میں کوئی مسلمان افسر نہیں ہوگا۔


































