
صنعا: انصار اللہ کے سربراہ سید بدرالدین عبدالمالک الحوثی نے کہا ہے کہ رفح پر صیہونی حکومت کے حملے سے مصر کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صیہونی حکومت نے رفح پر حملہ کرکے عرب اور مسلمان ممالک کو مکمل نظرانداز کردیا ہے۔ رفح میں پناہ گزین کیمپوں پر حملہ کرنے سے فلسطینی مہاجرین کی جان خطرے میں پڑگئی ہے۔ الحوثی نے امریکی منافقانہ کردار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی حکومت امریکی حمایت کے تحت رفح پر حملہ کررہی ہے۔ امریکہ نے کہا ہے کہ اگر سویلین کو ہدف نہ بنائے تو اسرائیلی حملے کی حمایت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صیہونی حملوں کو امریکی حمایت حاصل ہونے کی وجہ سے غزہ میں جنگی جرائم میں واشنگٹن بھی تل ابیب کے ساتھ شریک ہے۔ امریکہ نے عوام کو دھوکہ دینے کے لئے اسرائیل کی دفاعی امداد روکنے کا اعلان کیا ہے۔ اگر امریکہ اپنے دعویٰ میں سچا ہوتا تو اسرائیل رفح پر حملے کی جرائت نہ کرتا۔ انہوں نے کہا کہ رفح پر قبضے سے صیہونی فورسز کو کوئی کامیابی نہیں ملے گی کیونکہ رفح سویلین علاقہ ہے جہاں فلسطینی پناہ گزین رہائش پذیر ہیں۔


































