
قاہرہ : اسلامی دنیا کے سب سے بڑے دینی مرکز جامعہ الازہر نے صیہونی آبادگاروں کی جانب سے قرآن جلانے کو ناقابل قبول قرار دیا ہے۔ مقبوضہ فلسطین کے شہر الخلیل میں قرآنی نسخوں کو جلانے اور پھاڑنے کی مذمت کرتے ہوئے جامعہ الازہر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ قرآن پاک کی بے حرمتی عالمی برادری کی ناقابل قبول خاموشی کے باعث کی جا رہی ہے، جو لوگوں اور ان کے تقدس کی پامالی کے حوالے سے سنجیدہ کردار ادا کرنے میں ناکام رہی ہے۔ قران جلانے کا منظر صیہونیت کی بربریت، دہشت گردی اور نفرت انگیز نسل پرستی کو ظاہر کرتا ہے۔ قرآن پاک ایک اعلیٰ صحیفہ رہے گا جو انسانیت کی رہنمائی کرتا ہے اور اسے نیکی، سچائی اور خوبصورتی کی اقدار کی طرف لے جاتا ہے۔ پس اس کی حرمت کو پست لوگوں کی رنجشوں یا عدم برداشت، بغض، نفرت اور کج روی کے پرستاروں کی بدتمیزی سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ان لوگوں کی قتل و غارت اور دہشت گردی کی سیاہ تاریخ ہے اور ان کے ہاتھ بے گناہ فلسطینیوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔


































