
بیت المقدس: درجنوں صیہونی آبادکار ایک بار پھر پولیس کی بھاری نفری کی حفاظت میں مسجد اقصیٰ کے احاطے میں گھس گئے۔ اسلامی وقف کے مطابق مختلف گروہوں میں بٹے ہوئے صیہونی آباد کاروں نے المغریبہ دروازے سے مسجد اقصیٰ پر دھاوا بولا۔ اور اس کے احاطے میں اشتعال انگیزی کی۔ آباد کاروں نے مسجد کے مشرقی حصے میں تلمودی رسم ادا کی۔ دوسری جانب صیہونی فوجیوں نے مسجد میں داخلے سے روکنے کیلئے فلسطینیوں پر پابندیاں سخت کردی ہیں ان کے شناختی کارڈ کا معائنہ کر رہے ہیں اور انہیں مختصر وقت کے لیے حراست میں لے رہے ہیں۔ ادھر صیہونی آباد کاروں نے مقبوضہ بیت المقدس کے جنوب میں واقع قصبے سلوان کے مکینوں کی کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچایا اور ان کی ونڈ شیلڈ توڑ دیں، ایک مکان کو دستی بموں سے نشانہ بنانے کے بعد آگ بھی لگا دی گئی۔


































