
جدہ : اسلامی تعاون تنظیم نے مسجد الاقصیٰ کی مسلسل بے حرمتی پر غور کیلئے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔ اجلاس اردن اور فلسطینی انتظامیہ کی درخواست پر بلایا جارہا ہے۔ اجلاس ہفتے کو جدہ میں تنظیم کے مرکزی دفتر میں منعقد ہوگا۔ جس میں صیہونی حکومت کی جانب سے مسجد اقصی کی بے حرمتی اور حملوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ صیہونی حکومت کی جارحیت بند نہ ہونے پر رکن ممالک جوابی اقدامات پر بھی غور کریں گے۔ ادھر تنظیم کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسلم ممالک کی اقتصادی بحالی اور ترقی کے لیے بلاک کی کوششیں جاری رہیں گی۔ وہ انقرہ میں او آئی سی کی اقتصادی کمیٹی سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یوکرین جنگ اور خوراک کے بحران سے او آئی سی کے رکن ممالک بھی متاثر ہوئے ہیں۔ ہم اپنے رکن ممالک کے درمیان اقتصادی بحالی اور اقتصادی تعاون کو بڑھانے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔


































