
تہران: ولی امر مسلمین آیت اللہ خامنہ ای نے اربعین حسینی کے موقع پر طلبہ انجمنوں کے وفود کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ روحانیت اور توحید کی حاکمیت کے راستے کو اربعین مارچ کی طاقت سے طے کریں۔ اگر مزاحمت کرو گے تو ضرور فتح اور کامیابی کی بلندیوں کو چھوو گے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کا یہ راستہ عزم و ارادے کا راستہ ہے، لہذا محکم ارادے اور عزم صمیم کے ساتھ آگے بڑھیں۔ اس سیدھے راستے سے منحرف کرنے کے لئے بے شمار حربے پہلے سے موجود رہے ہیں اور ان انحرافی رویوں اور حربوں میں کوئی کمی نہیں آئی۔ آج یہ انحرافی رجحانات پہلے سے زیادہ قوت کے ساتھ موجود ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان شیطانی ہتھکنڈوں کا مقابلہ کرنے کے لیے مضبوط ارادے کا ہونا از بس ضروری ہے۔ مزاحمت کرو گے تو کامیابی کی چوٹی ضرور فتح کر لو گے۔ انہوں نے کہاکہ جو اہم کام رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بعد آج تک انجام نہیں پایا۔ وہ خدا کے دین کی حاکمیت، حق کا اقتدار، انصاف کا بول بالا، مقصد خلقت انسان کی بلندیوں تک پہنچنا جو انسانی کمال اور ارتقاء سے عبارت ہے۔ اور یہ آپ کا کام ہے۔ انہوں نے کہاکہ نوجوانو، تم امید کا سرچشمہ بن سکتے ہو، بلکہ سرمایہ امید ہو، بحث یہ نہیں کہ تم ہر غیر معمولی معرکہ سر کرنے کی صلاحیت رکھتے ہو، تم سرمایہ امید ہو، آج آپ میں سے ہر ایک اپنے اور ارد گرد کے تاریک ماحول کے لئے امید کی مشعل فروزاں بن سکتا ہے۔ اس صلاحیت کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں، اس راہ استقامت کو جاری رکھنے کے لئے بھرپور جد و جہد کریں۔ "فاستقم کما امرت و من تاب معک” استقامت نہایت اہم اور ضروری ہے۔


































