
بیجنگ: چین نے روس اور یوکرین کے درمیان تنازع کے حل کیلئے باقاعدہ کوششیں شروع کردیں۔ چین کے خصوصی نمائندے برائے یوریشین امور لی ہوئی نے یوکرین کا دورہ کیا ۔ اور یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں چین اور یوکرین نے اتفاق کیا کہ باہمی فائدہ مند تعاون کو آگے بڑھانا چاہیے۔چینی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ ملاقات میں جنگ روکنے کے طریقے کار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چینی وزارتِ خارجہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ چین اپنی اہلیت کے مطابق یوکرین کو مدد فراہم کرنا جاری رکھے گا۔ روس اور یوکرین کوامن مذاکرات کے لیے حالات بنانے کی ضرورت ہے۔ یوکرین کے وزیر خارجہ نے چینی نمائندے کو بتایا کہ کیف روس کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے لیے کسی بھی ایسی تجویز کو قبول نہیں کرے گا جس میں یوکرین کا علاقہ کھونے یا تنازعہ کو روکے رکھنا شامل ہو۔ کولیبا نے کہا کہ یوکرین میں منصفانہ امن کی بحالی کا انحصار یوکرین کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام پر ہے۔


































