
بیجنگ : غزہ اسرائیل جنگ رکوانے کیلئے چین اور روس بھی سرگرم ہوگئے۔ چین اور روس نے ایک بار پھر تنازعہ کے خاتمے کیلئے فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا ذمہ دارانہ کردار ادا کرے۔امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے چینی ہم منصب وانگ ژی سے فون پر رابطہ کرکے کردار ادا کرنے پر زور دیا۔ چینی وزیرخارجہ نے کہاکہ امریکا کو تعمیری اور ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا چاہئے۔ چین سمجھتا ہے مسئلے کا بنیادی حل دو ریاستی حل ہے جس میں فلسطین کا قیام شامل ہے۔ سعودی اور چینی وزرائے خارجہ نے بھی ٹیلیفون پرگفتگو کی اور غزہ کی تازہ صورت حال پر بین الاقوامی کوششوں کا جائزہ لیا۔ سعودی وزیر خارجہ نے کسی بھی شکل میں شہریوں کو نشانہ بنانے سے روکنے کی اہمیت اور تمام متحارب فریقوں پر طے شدہ بین الاقوامی انسانی قوانین کی پاسداری پر زور دیا۔
ادھر روس نے صورت حال کا ذمہ دار امریکا کو ٹھہراتے ہوئے فوری طور پر انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کی اپیل کی ہے، اس سلسلے میں روسی سفیر کی جانب سے مجوزہ قرارداد بھی سلامتی کونسل میں پیش کردی گئی ہے۔


































