
انقرہ : ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر سے ٹیلیفونک گفتگو میں ایران پر امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے بعد بڑھتی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ رجب طیب اُردوان نے کہا کہ ترکیہ ایران پر حملوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ یہ فوجی کارروائیاں طویل ہوئیں تو اس سے خطے اور دنیا کے استحکام کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اردوان نے اس بات پر زور دیا کہ کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کے لیے اب بھی اقدامات کیے جا سکتے ہیں اور ترکیہ امن کے قیام کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔ دونوں رہنماؤں نے اس موقع پر دوطرفہ تعلقات سمیت علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ بیان کے مطابق اُردوان نے برطانیہ کے ساتھ مختلف شعبوں خصوصاً دفاعی صنعت میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔


































