
جدہ : اسلامی تعاون تنظیم اور رابطہ عالم اسلامی نے سوئیڈن میں قرآن کریم کی بےحرمتی کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔
او آئی سی کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طہ نے ایک بیان میں توہین قرآن کو اشتعال انگیزی قرار دیا۔ اور کہاکہ یہ بات انتہائی مایوس کن ہے کہ کہ سویڈش حکام قرآن جلانے کے اجازت نامے جاری کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سویڈش حکومت قرآن کریم کی بے حرمتی کے حوالے سے انتہا پسند افراد اور تنظیموں کو پرمٹ جاری کرنا بند کرے۔ بین الاقوامی قانون کی پابندی کی جائے۔ ایسا اشتعال انگیز سرگرمیوں کو روکنے کے لیے ضروری ہے۔ او آئی سی کے سیکریٹری جنرل نے مزید کہا کہ وہ تنظیم کی ایگزیکیٹو کمیٹی کے غیر معمولی اجلاس کے اعلامیے پر عمل درآمد کے حوالے سے رکن ملکوں سے مشاورت کررہے ہیں۔ اشتعال انگیزیوں روکنے کے لیے مزید اقدامات پر غور کیا جائے گا۔ رابطہ عالم اسلامی نے بھی توہین قرآن کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اظہار رائے کی آزادی کے بہانے قرآن کی بے حرمتی کے سرکاری اجازت ناموں کا اجرا مایوس کن ہے۔ سرکاری منظوری سے اس قسم کے واقعات افسوسناک ہیں۔ یہ اظہار رائے کی آزادی نہیں بلکہ اس کی توہین کے دائرے میں آتے ہیں۔


































