
ڈھاکا: بنگلہ دیش میں اپوزیشن کے ہزاروں حامی ایک بار پھر سڑکوں پر نکل آئے اور وزیر اعظم شیخ حسینہ کے استعفی کا مطالبہ کیا۔ بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کی اپیل پر دارالحکومت ڈھاکا میں بڑی احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ مظاہرین نے سڑکیں بلاک کردیں اور ٹائر جلائے۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ربڑ کی گولیاں چلائیں اور آنسو گیس کے گولے داغے۔ مشتعل مظاہرین نے دو بسوں کو آگ لگادی اور پیٹرول بم پھینکے۔جھڑپوں میں درجنوں مظاہرین زخمی ہوگئے جبکہ 20 اہلکاروں کو بھی اسپتال لے جایا گیا ۔پولیس نے 90 افراد کو گرفتار کرلیا ہے ۔بی این پی کے دو سینئر رہنماؤں کو حراست میں لیا گیا اور بعد میں رہا کر دیا گیا۔ اپوزیشن جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی وزیر اعظم شیخ حسینہ کے استعفی اور نگران حکومت کے زیر انتظام عام انتخابات کرانے کا مطالبہ کررہی ہے۔


































