
تل ابیب: صیہونی وزیراعظم نیتن یاہو نے دعویٰ کیا ہے کہ بعض عرب سربراہان بھی چاہتے ہیں اسرائیل حماس کو تباہ کردے لیکن وہ کھل کر ایسا نہیں کہتے۔ یوٹیوب پر ڈاکٹر فل میک گرا کو انٹرویو میں صیہونی وزیراعظم نے کہاکہ بعض عرب سربراہان غزہ جنگ میں اسرائیل کی فتح چاہتے ہیں۔ وہ ہمیں کہتے ہیں کہ اگر حماس کو تباہ نہ کیا تو یہ ایرانی محور کی فتح ہوگی جس کا اگلا نشانہ عرب ممالک ہوں گے۔ نیتن یاہو نے کہا کہ جنگ کے بعد غزہ میں سویلین حکومت ہوگی جو ان لوگوں پر مشتمل ہوگی جو ہماری تباہی نہیں چاہتے۔ ممکنہ طور پر امارات، سعودی عرب اور دیگر ممالک کی مدد سے یہ حکومت بنائی جائے گی۔ نیتن یاہو نے سات اکتوبر کے حملے میں اسرائیلی حکومت کی ناکامی کا اعتراف کیا اور کہا کہ ہمیں یہ تسلیم کرنا پڑے گا کہ ہم اپنے عوام کو تحفظ فراہم نہیں کرسکے، ہماری حکومت نے 7 اکتوبر کو اسرائیلی عوام کو غیر محفوظ چھوڑ دیا۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں اس بات کا جائزہ لینا ہوگا کہ یہ واقعہ کیسے ہوا۔ انٹیلی جنس اور فوج کی کیا ناکامی تھی لیکن میرے خیال میں اس وقت اہم چیز یہ یقینی بنانا ہے کہ ہمیں ایک اور ناکامی نہ ہو۔


































