
اسلام آباد: حکومت پاکستان نے آپریشن بنیان مرصوص میں بھارت کو شِکست فاش دینے پر جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دے دی۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کہا گیا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کی خود مختاری اور سرحدی سالمیت کو پامال کرنے کی مذموم کوشش کی گئی جب کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے مثالی جرات اور عزم کے ساتھ پاک فوج کی قیادت کی اور مسلح افواج کی جنگی حکمتِ عملی اور کاوشوں کو بھرپور طریقے سے ہم آہنگ کیا۔ اجلاس میں جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل بنانے کی منظوری دی گئی۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کرکے انہیں اس فیصلے کے حوالے سے اعتماد میں لیا۔
خیال رہے کہ جنرل عاصم منیر دوسری شخصیت ہیں جنہیں فیلڈ مارشل بنایا گیا ہے، اس سے قبل صرف جنرل ایوب خان فیلڈ مارشل کے عہدے پر فائز رہے تھے۔


































