
سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے دیامر استور ڈویژنز کے لیے دانش اسکول کے قیام کی منظوری دے دی۔ تفصیلات کے مطابق سی ڈی ڈبلیو پی نے کل ہونے والی میٹنگ میں دیامر استور ڈویژن کلئے دانش اسکول کے قیام کی منظوری دیدی جس کا تخمینہ 2.9 ارب روپے لگایا گیا ہے۔ سرکاری بیان کے مطابق یہ تعلیمی ادارہ ہوسی داس بونجی میں تعمیر کیا جائے گا، جو استور اور دیامر کے سنگم پر ایک مرکزی مقام کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہ اسکول اعلیٰ تعلیمی معیار کے مطابق لڑکوں اور لڑکیوں دونوں کو معیاری تعلیم فراہم کرے گا، جبکہ بورڈنگ اور ڈے اسکالرز کے لیے جدید سہولیات بھی دستیاب ہوں گی۔ اس کا بنیادی مقصد غریب اور انتہائی پسماندہ طلبہ کو مفت اور معیاری تعلیمی مواقع فراہم کرنا ہے۔ بیان کے مطابق تعلیمی معیار اور موثر نظم و نسق کو یقینی بنانے کے لیے یہ ادارہ مرکزی انتظامی نظام کے تحت کام کرے گا، جس کے ذریعے نصاب، تدریسی طریقہ کار، اور وسائل کی تقسیم میں یکسانیت برقرار رکھی جائے گی۔ یہ اقدام علاقے میں تعلیمی خلا کو پُر کرنے اور طلبہ کو جدید تعلیم اور مہارتوں سے آراستہ کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ تاکہ وہ ایک روشن مستقبل کی راہ پر گامزن ہو سکیں۔


































