
نیویارک : انسانی حقوق کے ادارے ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اسرائیل کی جاری نسل کشی اور فلسطینیوں پر مسلط غیر قانونی قبضے کو سہارا دینے والے سیاسی، معاشی اور عسکری تعاون کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل کی سیکریٹری جنرل ایگنس کالمارڈ نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ ریاستیں، ادارے، کمپنیاں اور یونیورسٹیاں اپنے منافع کے لیے اسرائیل کے ساتھ ہونے والے ہر طرح کے تعاون کو بند کریں۔ انہوں نے کہا کہ تیئس ماہ کی مسلسل بمباری، جاری نسل کشی اور دہائیوں پر محیط نسل پرستی کو عالمی نظام کی سیاسی و معاشی پشت پناہی میسر رہی ہے، جس میں ہتھیاروں کی فراہمی اور تجارتی تعلقات شامل ہیں۔ انہوں کہا کہ عالمی سیاسی اور اقتصادی نظام نہ صرف اسرائیل کو جوابدہ ٹھہرانے میں ناکام رہے ہیں بلکہ فعال طور پر ان حالات کی حمایت یا سہولت کاری کی ہے جو ایمنسٹی بین الاقوامی قانون کے تحت جرائم کے طور پر بیان کرتی ہے۔


































