
اسلام آباد : متحدہ جمعیت اہلحدیث پاکستان کے امیر واسلامی نظریاتی کونسل کے رکن سید ضیا اللہ شاہ بخاری نے وفد کے ہمراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اورخطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، سید ضیا اللہ شاہ بخاری نے اتحاد و اخوت کے فروغ اور مذہبی ہم آہنگی کے لیے مجلس وحدت مسلمین کی مرکزی قیادت کی کوششوں کوسراہا، انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نے گزشتہ دہائی کے دوران بھائی چارے کی فضا قائم رکھنے کے لیے جو کاوشیں کیں ہیں وہ لائق تحسین ہیں اور ان کے بیانیے نے ان تکفیریوں کے حوصلوں کو پست کیا ہے جو بھائی کو بھائی سے لڑانے کی سرتوڑ کوشش کر رہے تھے، ملک و قوم کی سلامتی اور وحدت و اخوت کے لیے ہم مجلس وحدت مسلمین کے ساتھ کھڑے ہوں گے، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے عقائد کا تحفظ آئینی تقاضا ہے، مختلف مسالک کے درمیان تاریخی و علمی اختلافات چودہ سو سالوں سے موجود ہیں، بعض شدت پسند ان علمی اختلافات کو جواز بنا کر مذہبی منافرت پھیلانا چاہتے ہیں تاکہ ملک کو بدامنی کا شکار کیا جا سکے، ایسے عناصر سے چوکنا رہنے کی ضرورت ہے، اہل بیت اطہار علیہم السلام سے مودت ہی معیار حق وصداقت ہے، آل رسول کے دشمنوں سے بیزاری اسلامی تعلیمات کا جز ہے، تمام مسالک کو رواداری کے فروغ کے لیے ایک دوسرے کے عقائد کا احترام کرنا ہو گا۔


































