
اوٹاوا: ٹائی ٹینک کے ملبے کی سیر کو جانے والی لاپتہ آبدوز کے پانچوں مسافروں کی موت کا اعلان کردیا گیا۔ آبدوز ٹائٹن کی مالک کمپنی اوشن گیٹ نے اعلان کیا کہ ہمارے سی ای او اسٹاکٹن رش۔ شہزادہ داؤد ۔ بیٹے سلیمان داؤد۔ ہمیش ہارڈنگ اور پال ہینری ہلاک ہو چکے ہیں۔ ہمیں مسافروں کو کھونے کا بہت دکھ ہے۔ اوشن گیٹ نے یہ اعلان بدقسمت آبدوز کا ملبہ ملنے کے بعد کیا۔ آبدوز کا ملبہ ٹائٹینک جہاز سے 1600 میٹر دور سمندر میں بھیجے گئے روبوٹ کی مدد سے دیکھا گیا۔ امریکی کوسٹ گارڈز کے رئیر ایڈمرل جان ماوگر نے بتایا کہ ملبہ سے ظاہر ہوتا ہے کہ سیاحتی آبدوز پانی کے شدید ترین دباؤ کی وجہ سے کچلی گئی۔ یہ آبدوز کینیڈا کے جزیرے نیو فاؤنڈلینڈ سے روانہ ہوئی تھی۔ اتوار کو سفر کے آغاز کے ایک گھنٹہ 45 منٹ بعد ہی آبدوز کا رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔ امریکی بحریہ کے سینئر اہلکارنے کہا ہے کہ انہوں نےآبدوز کے لاپتا ہوتے ہی اس کے تباہ ہونے کا پتا چلا لیا تھا۔ اعلیٰ خفیہ صوتی سراغ رساں نظام نے سمندر کے نیچے دھماکے سے ملتی جلتی آواز ریکارڈ کی تھی۔ آبدوز تباہ ہونے کے حتمی شواہد نہیں تھے اس لیے سرچ آپریشن جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔


































