
غزہ: حماس کے عسکری بازو القسام بریگیڈ نے صیہونی قیدی کی ویڈیو جاری کردی۔ جس نے نتن یاہو پر یرغمالیوں کو فراموش کرنے کا الزام لگاتے ہوئے فوری طور پر مستعفیٰ ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔نوجوان نے کہا ہے کہ ہمیں اپنے گھر واپس لائیں۔ اس حوالے سے کیوں سستی کی جارہی ہے؟ انہوں نے نتن یاہو سے مخاطب ہوکر کہا ہے کہ آپ کو اور آپ کی کابینہ کو شرم آنی چاہئے کیونکہ مجھ سمیت دوسرے صیہونی یرغمالیوں کے ساتھ زیادتی کی ہے۔ 200 دن گزرنے کے باوجود ہمیں اپنے حال پر چھوڑ دیا ہے۔ ہمیں رہا کرنے کی ساری کوششیں ناکام ہوگئی ہیں۔ صیہونی جوان نے مزید کہا ہے کہ نتن یاہو کو اپنے آپ سے شرم آنی چاہئے کیونکہ صلح کے متعدد آپشن پیش کرنے کے باوجود انہوں نے سب کو مسترد کردیا ہے۔ شاید ہمارا ڈراؤنا خواب ابھی ختم ہونے والا نہیں ہے۔ انہوں نے نتن یاہو پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب رات کے کھانے کے لئے دسترخوان پر اپنے گھر والوں کے ساتھ بیٹھیں تو ہمارے بارے میں بھی کچھ سوچیں۔ صیہونی قیدی نے کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ وزیراعظم نتن یاہو سمیت پوری صیہونی کابینہ کو اپنی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے مستعفی ہونا چاہئے۔


































