
حیدرآباد: ہندوستان کی دینی و سیاسی تنظیم آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے رکن اسمبلی اکبرالدین اویسی نے خود اور اپنے بھائی اسدالدین اویسی کے قتل کا خدشہ ظاہر کردیا۔ حیدرآباد میں جلسہ سے خطاب میں کہا کہ اویسی برادران کو جان سے مارنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ کچھ لوگ ہم بھائیوں کو جیل بھیجنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ جیل میں دوا کے نام پر سلو پوائزن دیا جاسکتا ہے۔ وہ ہمیں جیل لیجاتے ہوئے گولی بھی مارسکتے ہیں۔ ملک کے حالات بہت خراب ہیں۔ اکبر الدین اویسی نے کہا کہ وہ حیدرآباد میں بہت مضبوط ہیں۔ اس لیے وہ ہمیں شکست دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اکبر الدین اویسی نے واضح کیا کہ چاہے کوئی کتنی ہی کوشش کرے۔ مجلس کی ہی کامیابی ہوگی۔


































