
کابل : افغان حکومت نے امریکی صدر ٹرمپ کے بگرام ایئربیس پر دوبارہ قبضے کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
افغان وزارت خارجہ کے ایک اہلکار ذاکر جلالی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ افغانوں نے تاریخ میں کبھی غیر ملکی فوج کی موجودگی کو قبول نہیں کیا اور دوحہ مذاکرات اور معاہدے کے دوران اس امکان کو یکسر مسترد کردیا تھا۔ انہوں نے لکھا کہ افغانستان اور امریکا کو ایک دوسرے کے ساتھ رابطے کی ضرورت ہے اور امریکہ کی افغانستان کے کسی بھی حصے میں فوجی موجودگی کے بغیر باہمی احترام اور مشترکہ مفادات پر مبنی اقتصادی اور سیاسی تعلقات ہو سکتے ہیں۔


































