
کابل: افغانستان کی طالبان حکومت نے پاکستان کو پانی سے محروم کرنے کیلئے دریائے کنڑ پر ڈیم بنانے کا اعلان کردیا۔ طالبان حکومت کے وزیر توانائی و آب عبداللطیف منصور نے بتایا کہ رہنما ہیبت اللہ اخوندزادہ نے وزارت کو ہدایت دی ہے کہ وہ غیر ملکی کمپنیوں کا انتظار نہ کرے بلکہ مقامی کمپنیوں کے ساتھ معاہدے کر کے منصوبے کا آغاز کرے۔ انہوں نے اخوندزادہ کے حوالے سے کہا کہ افغان عوام کو اپنے پانیوں کا نظم و نسق خود کرنے کا حق حاصل ہے۔ دریائے کنڑ پر ڈیم کی تعمیر کے لیے طالبان کی نئی کوشش اس وقت سامنے آئی ہے جب طالبان اور پاکستان کے درمیان سرحدی کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر افغانستان اس دریا پر ڈیم بناتا ہے تو پاکستان کے خیبرپختونخوا اور پنجاب کے کئی علاقے پانی کی شدید قلت کا شکار ہو سکتے ہیں۔


































