
بنوں : وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بنوں کا دورہ کیا اور دہشت گردی سے متعلق اہم اور اعلیٰ سطح کے اجلاس میں شرکت کی۔
کمبائنڈ ملٹر ی ہسپتال (سی ایم ایچ) بنوں میں زخمی جوانوں کی عیادت کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کو آج واضح طور پر پیغام دینا چاہتا ہوں، 2 چیزوں میں سے کسی ایک کا انتخاب کر لیں۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ افغان حکومت کو واضح کہتا ہوں دہشت گردی یا پاکستان میں سے کسی ایک کا انتخاب کریں۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات میں افغان باشندے ملوث ہیں، دہشت گرد افغانستان سے آ کر پاکستان میں دہشت گردی کر رہے ہیں، غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم افغان باشندوں کا جلد انخلاء انتہائی اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو بھرپور جواب دینے کا عمل جاری رہے گا، اس میں کسی قسم کا کوئی ابہام برداشت نہیں کیا جائے گا، دہشت گردوں کے سرغنہ اور سہولت کار افغانستان میں ہیں، ان دہشت گردوں کی پشت پناہی بھارت کر رہا ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی قوم دہشت گردی کے معاملے پر سیاست اور گمراہ کن بیانیے کو رد کرتی ہے، جو بھی خارجیوں اور بھارتی پراکسیوں کی سہولت کاری اور معاملہ فہمی کی بات کرتا ہے وہ انہی کا آلۂ کار ہے، اُسے بھی اسی زبان میں جواب دیا جائے گا جس کا وہ حق دار ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ عوام، ریاست اور افواجِ پاکستان سے مل کر بھارتی پراکسیوں کے خلاف بنیان مرصوص کی طرح متحد ہیں، دہشت گردی کا مزید مؤثر جواب دینے کے لیے ضروری انتظامی اور قانونی اقدامات فوراً کریں گے۔


































