
مظفرآباد: آزاد کشمیر کے محکمہ خوراک نے ہندوستان سے کشیدگی کے پیش نظر حساس علاقوں میں گندم کے آٹے کے ذخائر کو بھرنے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ وزیر اعظم چوہدری انوار الحق کی تازہ ہدایات پر محکمہ خوراک نے کم از کم 2 ماہ کے لیے رہائشیوں کی ضروریات کو پورا کرنے کی خاطر دور افتادہ مقامات پر ذخائر میں اضافہ شروع کیا ہے۔ حکومت ممکنہ گولہ باری یا فوجی سرگرمیوں سے متاثرہ علاقوں سے خوراک کے ڈپوکو نسبتاً محفوظ علاقوں میں منتقل کرنے پر بھی کام کر رہی ہے۔ وزیر اعظم نے قانون ساز اسمبلی کو بتایا تھا کہ انہوں نے ایک خصوصی ایمرجنسی رسپانس فنڈ تشکیل دیا ہے، جس کے لیے ابتدائی طور پر ایک ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ یہ فنڈ 6 اضلاع نیلم، جہلم ویلی، حویلی، پونچھ، کوٹلی اور بھمبر میں پھیلے ایل او سی کے ساتھ واقع 13 حلقوں میں گندم کے آٹے کی دوبارہ فراہمی، زندگی بچانے والی دوائوں کی خریداری اور دیگر ضروری خدمات کی فراہمی جیسی فوری ضروریات کو پورا کرے گا۔


































