
ریاض : سعودی عرب اور چین نے توانائی کے شعبے میں دو طرفہ تعاون اور سرمایہ کاری پر اتفاق کرلیا۔ سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان اور چین کے قومی توانائی کے منتظم ژانگ جیان ہوا نے اتفاق کیا کہ تیل کی منڈی میں استحکام کے لیے دونوں ممالک ملکر کام کریں گے۔اس سلسلے میں دو طرفہ رابطے اور تعاون جاری رہے گا۔ تاکہ درپیش توانائی چیلنجوں کو مقابلہ کیا جا سکے۔ دونوں ملکوں کے توانائی کے ذمہ داروں نے طویل مدتی اور قابل بھروسہ انداز میں تیل کی عالمی سطح پر فراہمی کی اہمیت پر روشنی ڈالی تاکہ متحرک اور مستحکم عالمی منڈی موجودہ چیلنجوں کا مقابلہ کرنے لیے موجود ہو۔ فریقین نے اس امر پر بھی اتفاق کیا ہے کہ دو طرفہ تعاون کے علاوہ بیلٹ اینڈ روڈ کے ساتھ جڑے ملکوں میں مشترکہ سرمایہ کاری کی جائے گی ۔ یہ سرمایہ کاری ریفائنریز اور پٹروکیمیکل کامپلیکسز کے شعبے میں کی جائے گی۔


































