
تل ابیب :اسرائیلی وزیردفاع یوآ گیلنٹ نے دھمکی دی ہے کہ رفح آپریشن کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ اسرائیلی وزیردفاع نے وسطی اور جنوبی غزہ کا دورہ کیا ہے اور فوجیوں سے ملاقات کی ہے۔اسرائیلی وزیردفاع نے فوجیوں سے خطاب میں کہا کہ اسرائیل حماس کے خلاف جنگ مکمل کامیابی تک جاری رکھے گا۔ رفح پر حملے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے اور کسی بھی لمحے رفح پر حملے کا حکم دیا جاسکتا ہے۔ وزیردفاع نے مزید کہا کہ کوئی کسی خوش فہمی میں نہ رہے۔اسرائیل حماس کی شرائط پر جنگ بندی نہیں کرے گا۔ غزہ میں ہم نے اپنے بہت سے اہداف کو حاصل کرلیا ہے تمام اہداف کے حصول تک غزہ میں فوجی کارروائی جاری رہے گا۔اسرائیلی وزیر دفاع یوآ گیلنٹ کا مزید کہنا تھا کہ ضرورت پڑنے پر شمالی غزہ میں ایک بار پھر فوج بھیجی جاسکتی ہے۔


































