
جنیوا: اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ شروع ہونے کے بعد سے غزہ میں ہر دس میں سے نو افراد نے کم از کم ایک مرتبہ بے گھر ہونے کی تکلیف اٹھائی ہے۔ مقبوضہ فلسطینی اراضی میں انسانی امور سے متعلق رابطہ کاری دفتر کے ڈائریکٹر اینڈریا ڈی ڈومینیکو نے کہاہے غزہ میں تقریبا 19 لاکھ افراد بے گھر ہونے پر مجبور کر دیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہمارا اندازہ تھا کہ سترہ لاکھ افراد ہیں تاہم رفح آپریشن کے بعد بے گھر افراد کی اضافی تعداد سامنے آئی۔ پھر ہم نے شمال میں بھی کارروائیاں دیکھیں جن کے نتیجے میں لوگوں کی منتقلی ہوئی۔ انہوں نے غزہ کو غیر محفوظ علاقہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ غزہ میں صرف غذائی بحران نہیں ہے۔ غزہ میں اسپتال بھی تباہ ہوچکے ہیں۔ اس وقت غزہ میں کہیں کوئی جگہ محفوظ نہیں ہے۔ غزہ میں تباہی کا اندازہ لگانا ممکن نہیں ہے لیکن یہ تباہی بیان سے باہر ہے اور ہمیں اس صورتحال کے خاتمے کیلئے بہت کچھ کرنا ہوگا۔


































