
نیویارک: پچاس ممالک نے چین میں ایغور مسلم اقلیت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کردی۔اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں امریکا، برطانیہ, فرانس اور جرمنی سمیت 50 ممالک نے مشترکہ بیان میں چین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی بین الاقوامی انسانی حقوق کی ذمہ داریوں کو برقرار رکھے۔ بیان میں کہا گیا ہےکہ ہمیں چین میں انسانی حقوق کی صورت حال اور بالخصوص سنکیانگ میں ایغوروں اور دیگر مسلم اقلیتوں کی انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں پر انتہائی تشویش ہے۔ بیان میں چین سے اقوام متحدہ کی رپورٹ میں درج سفارشات کو مکمل طور پر نافذ کرنے کی اپیل کی گئی ہے اور ان تمام افراد کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا گیا جنہیں ان کی آزادی سے جبری محروم کر دیا گیا ہے۔ چین نے سنکیانگ میں اقلیتوں کے انسانی حقوق کی کسی بھی طرح کی خلاف ورزی کے الزامات کی تردید کی ہے۔


































