
نابلس : مقبوضہ مغربی کنارے کے گاؤں حوارہ میں فائرنگ سے دو صیہونی آبادکار ہلاک ہو گئے۔ فائرنگ کا واقعہ نابلوس کے قریب حوارہ گاؤں میں پیش آیا۔ جہاں ایک مشتبہ فلسطینی نے کار واش سینٹر میں گھس کر گولی چلادی۔ گولیاں لگنے سے صیہونی باپ بیٹے زخمی ہوئے انہیں اسپتال پہنچایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔ صیہونی فوجی حملہ آور کو تلاش کررہے ہیں۔
صیہونی آبادکاروں نے حوارہ گاؤں سمیت دیگر مقامات پر حملے کیے اور فلسطینیوں کے گھروں کو آگ لگادی۔ واقعہ کے بعد صیہونی آباد کاروں نے حوارہ گاؤں کے شمالی دروازے کے قریب گزرنے والی فلسطینی گاڑیوں پر حملہ کیا۔ جس سے کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ اُدھر مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر طولکرم اور پناہ گزینوں کے کیمپ پر صیہونی فوجیوں نے دھوابول دیا۔ فائرنگ سے چار فلسطینی شہری زخمی ہو گئے۔ دوسری جانب گذشتہ فائرنگ کا ایک زخمی فلسطینی دم توڑ گیا۔


































