
غزہ : غزہ میں صیہونی فوج کے صبح سویرے کئےگئے حملوں میں بارہ فلسطینی شہید اور پچاس سے زائد زخمی ہوگئے۔ جبکہ بھوک کی شدت سے چار بچوں سمیت مزید گیارہ فلسطینی دم توڑ گئے۔
غزہ میں صیہونی فوج کی جانب سے مظلوم اور نہتے فلسطینیوں کا قتل عام جاری ہے۔ صبح سویرے خان یونس میں مکان پر ڈرون حملہ میں خاندان کے چار فلسطینی شہید ہوگئے۔ غزہ سٹی میں مختلف مقامات پر بمباری سے تین افراد کی جان گئی۔ امدادی مراکز پر خوراک کے لیے کھڑے فلسطینیوں پر فائرنگ کے واقعات میں پانچ فلسطینی شہید کئے گئے۔
ادھر بھوک کی شدت سے چوبیس گھنٹوں میں چار بچوں سمیت مزید گیارہ فلسطینی دم توڑ گئے۔ جس سے مجموعی تعداد دو سو بارہ ہوگئی۔
ادھر فضا سے گرائی گئی امداد کے نیچے دب کر ایک اور بچہ شہید ہوگیا۔ جس سے مجموعی تعداد تئیس ہو گئی ہے۔ سمندر میں گرنے والی امداد کو نکالنے کی کوشش میں بھی تیرا فلسطینی ڈوب کر شہید ہوچکے ہیں۔


































