
اسلام آباد: پاکستان اور چین نے سی پیک کی دس سالہ تقریبات کے موقع پر مزید 6 معاہدوں پر دستخط کرلئے۔ معاہدوں میں سی پیک کی مشترکہ تعاون کمیٹی، ماہرین و کارکنوں کا تبادلہ، قراقرم ہائی وے پروجیکٹ جیسے منصوبے شامل ہیں۔ مہمان خصوصی چینی نائب وزیراعظم کے ہمراہ تقریب سے خطاب میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے پاکستان اور چین دوستی کے بےمثال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، چین اور پاکستان سدابہار دوست اور آہنی بھائی ہیں، سی پیک کا دوسرا مرحلہ نئے ماڈل اور نئے ماحول کے تحت آگے بڑھائینگے، منصوبے سے اسپیشل اکنامک زون بنیں گے، خوشحالی کا نیا دور آئیگا۔ سی پیک کے تحت پاکستان میں بجلی، سڑکوں کے انفراسٹرکچر ، پن بجلی اور پبلک ٹرانسپورٹ سمیت مختلف شعبوں میں 25 ارب ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری ہوئی ہے۔ چین کے نائب وزیراعظم ہی لی فینگ نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان نئے ماڈل کے تحت اقتصادی تعاون کو مزید فروغ حاصل ہو گا۔ پاکستان اور چین دوستی کے بےمثال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔


































