
ٹرمپ کی ذلت آمیز شکست پر خوشی ہوئی ،اسکے ہاتھ شہید قاسم سلیمانی اور ابومہدی المہندس کے خون سے رنگے ہوئے ہیں، امریکا یا اسرائیل حماقت کرسکتے ہیں
لبنان میں امریکا اور اسرائیل کیلئے سب سے بڑی مشکل اور رکاوٹ حزب اللہ ہے، ہم بالکل آمادہ ہیں، ہماری انگلی بندوق کے ٹریگر پر ہے ،عوام سے خطاب
بیروت (نیوز ڈیسک) حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے ٹرمپ کی ذلت آمیز شکست پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے علاقائی اتحادیوں پر زور دیا کہ وہ ٹرمپ کے عہدے کی باقی مدت ملازمت کے دوران کسی بھی امریکی یا اسرائیلی حماقت کے لئے چوکس رہیںتاکہ امریکا یا اسرائیل کی جانب سے ہرقسم کی ممکنہ حماقت کا منہ توڑ جواب دیا جاسکے ،عوام سے ٹیلی ویژن پر براہ راست خطاب میں حسن نصراللہ نے امریکی صدارتی انتخابات کو جمہوریت کی رسوائی سے تعبیر کیا اور کہا کہ اس رسوائی کا تعلق صرف ٹرمپ حکومت سے نہیں بلکہ رپبلکن پارٹی بھی اس میں برابر کی شریک ہے،انہوں نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر ٹرمپ کی ذلت آمیز شکست سے خوش ہیں، کیونکہ یہ وہ شخص ہے کہ جس کے ہاتھ شہید قاسم سلیمانی اور ابومہدی المہندس کے خون سے رنگے ہوئے ہیں، ٹرمپ حکومت تاریخ کی سفاک ترین، بے رحم ترین اور بے شرم ترین حکومت ہے،انہوں نے کہا کہ لبنان میں امریکا اور اسرائیل کیلئے سب سے بڑی مشکل اور رکاوٹ حزب اللہ ہے، حالیہ برسوں میں امریکیوں کا سارا زور اسی پر رہا کہ جس طرح سے بھی ممکن ہو وہ حزب اللہ کے وجود سے نجات حاصل کریں، سید حسن نصراللہ نے اسرائیل حزب اللہ گٹھ جوڑ سے متعلق افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی افواہوں کا مقصد صہیونی غاصبوں اور بعض عرب ملکوں کے درمیان تعلقات کو معمول پر لائے جانے کے عمل پر پردہ ڈالنا ہے سرحدوں کے تعین کے لئے مذاکرات کی پیشکش کا بنیادی مقصد یہ ظاہر کرنا ہے کہ حزب اللہ اسرائیل کے ساتھ بلاواسطہ مذاکرات کر رہی ہے ، انہوں نے کہا کہ جب سے اسرائیل نے شمالی فلسطین میں فوجی مشقیں شروع کی ہیں، حزب اللہ بالکل چوکس ہے، ہم بالکل آمادہ ہیں، ہماری انگلی بندوق کے ٹریگر پر ہے، ہم دشمن کی ہر حماقت کا بھرپور اور فوری جواب دیں گے شام میں بھی پوری طرح سے چوکسی برتی جا رہی، شام کی فوج کی طرف سے بھی اور استقامتی محاذ کی جانب سے بھی، انہوں نے واضح کیا کہ حزب اللہ کے خلاف امریکی پابندیوں کا مقصد نفسیاتی دباو ¿ بڑھانا اور علاقے میں حزب اللہ کے خلاف مزاحمتی تحریک شروع کرنا، جاسوسی کرنا اور اپنے لئے ایجنٹوں کو بھرتی کرنا ہے۔


































