
تنہائی کا شکار سعودی عرب غلط راستے کی طرف لوٹ کر بہتری حاصل نہیں کرسکتا،خطے کو پروپیگنڈے کے ذریعے نہیں چلایا جاسکتا،ایرانی وزارت خارجہ
سعودیہ کو ایران کے خلاف الزام تراشی کا حق نہیں، بہتر ہوگا کہ ریاض صیہونی حکومت کی خوش خدمتی اور چاپلوسی کو ترک کر کے اپنے پڑوسیوں کا احترام کرے ،
تہران(نیوز ڈیسک) ایران نے سعودی فرماں رواشاہ سلمان کے عالمی برادری سے ایران کے خلاف ایکشن لینے کے مطالبے پر سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے،
ایرانی وزارت خارجہ نے سعودی فرماں روا کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب اس طرح کے الزامات لگانے اور نفرتیں پھیلانے سے باز رہے، سعودی حکمرانوں کے اس طرح کے بیانات انتہائی غیر معمولی ہیں لیکن ہمیں یقین ہے کہ ایران کا پیغام واضح ہوچکا ہے،کہ سعودی حکومت یہ جان لے کہ امن یمن کے لوگوں کو قتل کرنے سے حاصل نہیں کیا جاسکتا اور خطے کو پروپیگنڈے کے ذریعے بھی نہیں چلایا جاسکتا، سعودی عرب غلط راستے کی طرف واپس نہ آئے یہاں تنہائی کے شکار سعودی عرب کی بہتری کے کوئی امکانات نہیں، شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے عالمی برداری پر زور دیا تھا کہ ایران کے جوہری اور بیلسٹک میزائل پروگراموں پر اس کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے، پارلیمنٹ میں بین الاقوامی امور کے سینئر مشیر امیر عبداللھیان نے سعودی عرب کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اسرائیل کی چاپلوسی کو چھوڑ کر اپنے ہمسائیوں کا احترام کرے ، یمن پر جارحیت کے مرتکب سعودی بادشاہ کو جو عراق، شام، لبنان اور یمن میں امریکہ کی بنائی ہوئی دہشت گرد تنظیم داعش کی حمایت کرتے رہے ہیں، ایران کے خلاف الزام تراشی کا حق نہیں، بہتر ہوگا کہ ریاض صیہونی حکومت کی خوش خدمتی اور چاپلوسی کو ترک کر کے اپنے پڑوسیوں کا احترام کرے ، ایران نے ہمیشہ اپنے ہمسائیوں اور علاقے کی امن سلامتی کی حمایت کی ہے۔


































