
توہین رسالت(ص) سے اسلام اور مسلم معاشرے سے مغربی دنیا کے ثقافتی و سیاسی اداروں کا بغض و عناد شر پسندی اور دشمنی ایک بار پھر کھل کر سامنے آگئی
صیہونیوں اور سامراجی حکومتوں کی اسلام دشمن پالیسیاں ہی اس طرح کی دشمنانہ حرکتوں اور اقدامات کا عامل ہیں جو ہر کچھ دن پر سامنے آتی ہیں
تہران(نیوز ڈیسک)ولی امر مسلمین آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ فرانسیسی جریدے کی توہین رسالت( ص) سے اسلام اور مسلم معاشرے سے مغربی دنیا کے ثقافتی و سیاسی اداروں کا بغض و عناد شر پسندی اور دشمنی ایک بار پھر کھل کر سامنے آگئی ہے۔ انہوں نے توہین رسالت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ رسول اکرم کی شان میں گستاخی اور آپ کی مقدس ہستی کی توہین گناہ عظیم اور ناقابل معافی جرم ہے۔ آزادی اظہار کے بہانے فرانس کے بعض سیاستدانوں کا اس بڑے جرم کی مذمت نہ کرنا غلط اور عوام کو دھوکا دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صیہونیوں اور سامراجی حکومتوں کی اسلام دشمن پالیسیاں ہی اس طرح کی دشمنانہ حرکتوں اور اقدامات کا عامل ہیں جو ہر کچھ دن پر سامنے آتی ہیں۔اس حساس دور میں یہ اقدام مغربی ایشیا کی حکومتوں اور قوموں کے ذہنوں کو ان مذموم منصوبوں کی جانب سے موڑنے کی غرض سے انجام پایا ہے جو امریکا اور صیہونی حکومت نے تیار کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم امہ خاص طور سے مغربی ایشیا کے ممالک کو چاہئے کہ اس حساس علاقے کے مسائل کی بابت ہوشیار رہتے ہوئے اسلام و مسلمین کے سلسلے میں مغربی حکمرانوں اور سیاستدانوں کی دشمنیوں کو ہرگز فراموش نہ کریں۔


































